بنگلورو،3؍اپریل(ایس او نیوز) 12 مئی کو ریاستی اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کو کافی تیزی سے آگے بڑھایا جارہاہے۔ ریاستی انتظامیہ انتخابات کو غیر جانبدارانہ ماحول میں انجام دینے کے لئے پوری طرح مستعد نظر آرہا ہے۔ ریاستی انتظامیہ کی طرف سے انتخابی تیاریوں کا جائزہ لینے چیف الیکشن کمشنر اوم پرکاش راوت کل دورۂ بنگلور پر آرہے ہیں۔ان کے ہمراہ الیکشن کمشنر اشوک لاواسا بھی کل بنگلور کے دورے پر رہیں گے۔ 4 سے 6 اپریل تک بنگلور میں قیام کرکے دونوں الیکشن کمشنرس اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا مختلف محکموں کے ساتھ جائزہ لیں گے۔ حالانکہ 27مارچ کو چیف الیکشن کمشنر اوپی راوت اور اشوک لواسا دورۂ بنگلور پر آنے والے تھے لیکن اس دورے کو موخر کرتے ہوئے اسی دن انتخابی تاریخ کا اعلان کردیا گیا۔ انتخابی تاریخوں کے اعلان کے بعد صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے کمیشن کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ بتایاجاتاہے کہ کل چیف الیکشن کمشنر ریاستی چیف سکریٹری ، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس اور دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ ریاست کی صورتحال اور انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیں گے اور اس مرحلے میں سخت ہدایت دی جائے گی کہ انتخابی ضابطہ کے نفاذ میں کسی طرح کی رعایت نہ برتی جائے، خاص طور پر بھاری رقومات کی نقل وحمل پر سخت نظر رکھی جائے اور ووٹروں کو رقومات یا تحائف کے ذریعے لالچ دینے کی کوشش پر روک لگائی جائے۔ ریاست میں نظم وضبط کی صورتحال پر سخت نگرانی کرنے اور سیکورٹی کو بڑھانے پر بھی الیکشن کمیشن کی طرف سے زور دیا جائے گا۔اضلاع کے ڈپٹی کمشنرس جو متعلقہ اضلاع کے انتخابی آفیسر بھی ہیں ان کے ساتھ الیکشن کمشنر تبادلۂ خیال کریں گے۔ ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر سنجیو کمار نے بتایاکہ چیف الیکشن کمشنر کے ساتھ جائزہ میٹنگ کی تمام تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ 5,4 اور 6 اپریل کو مختلف محکموں کے ساتھ جائزہ میٹنگوں کے بعد اوپی راوت اور اشوک لواسا دہلی لوٹ جائیں گے۔
کنٹرول روم کا قیام: ریاستی اسمبلی انتخابات کے دوران بھاری رقومات کی نقل وحمل اور لین دین پر نظر رکھنے کے لئے محکمۂ انکم ٹیکس نے ایک خصوصی شعبہ قائم کردیا ہے۔ اس خصوصی شعبے کے تحت ایک 24گھنٹوں کا کنٹرول روم کام کرے گا جو انتخابات کے دوران بھاری رقومات کو لانے لے جانے والوں اور ان کی تقسیم کرنے والوں پر نہ صرف نظر رکھے گا بلکہ انتخابی ضابطے کے تحت ان کے خلاف کارروائی بھی کرے گا۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے محکمۂ انکم ٹیکس کو بھاری رقومات کی نقل وحمل پر سختی سے نظر رکھنے کی واضح ہدایت کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ محکمۂ انکم ٹیکس کے اعلیٰ افسران نے بتایاکہ کوئنس روڈ پر ریاستی انکم ٹیکس ہیڈکوارٹرس میں قائم کنٹرول روم میں ہمہ وقت انتخابی دھاندلیوں کے متعلق شکایات وصول کی جائیں گی۔ کسی بھی حلقے سے یا پھر ریاست کے کسی بھی کونے سے انتخابی دھاندلی اور بھاری رقم کے لین دین کے بارے میں شکایت ملنے پر الیکشن کمیشن مستعدی کے ساتھ کارروائی کرے گا اور اس کے ساتھ محکمۂ انکم ٹیکس اس رقم کو ضبط کرکے اس کی جانچ شروع کرے گا۔